حکومت خلوص دکھانا چاہتی ہے تو 31 جنوری کے بجائے ابھی دکھائے، سلمان اکرم راجہ
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اگر حکومت خلوص دکھانا چاہتی ہے تو 31 جنوری کے بجائے ابھی دکھائے، 31 جنوری میں بھی کوئی دیر نہیں لیکن بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے، ملاقات ہوئی تو مذاکرات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے بات کروں گا، ہماری سادہ سی درخواست تھی کمیشن بنائیں کہ 9 مئی کو کیا ہوا؟ کمیشن میں سب بات کریں گے ایک دن میں کمشین کا فیصلہ نہیں آنا تھا۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اگر حکومت نے یہ نہیں ہونے دینا تو پھر اس طرح نہیں چلے گا، اگر حکومت سوچ رہی ہے کہ 8/9 فروری کو عوام کی رائے پر جس طرح مٹی ڈالی گئی ویسی اس معاملے پر ہوئی تو ہم حصہ نہیں بنیں گے، ہم اصول پر کھڑے رہیں گے اور اپنی اصولی پوزیشن کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہم میں سے ہر ایک اس وقت ایسی صورت سے دوچار ہے جس سے کسی کو دوچار نہیں ہونا چاہیے، بیسیوں مقدمے ہم سب پہ بنے ہوئے ہیں کسی وقت بھی ہماری ازادی سلب ہو سکتی ہے، ہم پر حملے ہوئے ہیں، کل حامد رضا کے مدرسے پر حملہ ہوا ہے، ہمیں دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے پیکا ایکٹ پر رد عمل میں کہا کہ یہ ایک سیاہ دور ہے جس سے ہم گزر رہے ہیں، جو بھی قانون سازی کی جا رہی ہے وہ عوام کے خلاف ہے، قانون سازی عوام کے حقوق کو سلب کرنے کے لئے کی جا رہی ہے، یہ وہی معاملہ ہے جو الیکشن کے مینڈیٹ پہ ڈاکہ پڑا یہ چاہتے ہیں کہ کوئی بول بھی نہ سکے، آپ سوشل میڈیا پر کوئی بات کرتے ہیں تو آپ کو دبوچ لیا جائے یہ قانون سازی اس لئے کی جارہی ہے، ملک میں قبرستان جیسی خاموشی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔