افغان فوجی غیر ملکی قابضین کیلیے جان دینے کے بجائے ہمارے ساتھ مل جائیں ملا عمر

جب آخری غیر ملکی حملہ آور فوجی افغانستان چھوڑ جائے گا تو ہماری جنگ ختم ہوجائیگی، امیر افغان طالبان

ہم کسی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل یا انہیں نقصان نہیں پہنچانا چاہتے اس لئے ان کے لئے بھی بہتر ہوگا کہ وہ ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں، ملا عمر فوٹو: رائٹرز/فائل

افغان طالبان کے امیر ملا عمر نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں فوجی محاذ پر آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمیں کامیابی بھی مل رہی ہے۔


انھوں نے کہا ہے کہ افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے جوان غیرملکی قابضین کیلیے جان نہ دیں بلکہ طالبان کے ساتھ مل جائیں، طالبان افغان فورسز کوچھوڑ کر آنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جب آخری غیر ملکی حملہ آور فوجی افغانستان چھوڑ جائے گا تو ہماری جنگ ختم ہوجائیگی، ہماری تمام تر جدوجہد صرف کابل میں اسلامی امارت کے قیام کیلیے ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

ملا عمر کا کہنا تھا کہ ہم کسی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل یا انہیں نقصان نہیں پہنچانا چاہتے لیکن ان کے لئے بھی بہتر ہوگا کہ وہ ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں ورنہ انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے افغان حکومت سے کہا کہ وہ امن معاہدے پر دستط نہ کرے کیونکہ اس سے کسی کو فائدہ حاصل نہیں ہوگا، جب تک غیر ملکی افواج افغانستان میں موجود رہیں گی ان کے خلاف ہمارا جہاد بھی جاری رہے گا جس سے خطے اور ملک کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہوں گے۔
Load Next Story