بچیوں کو اسکول سے لیکر آنیوالی خاتون سے ڈاکو 11لاکھ مالیت کے زیور لے گئے، فوٹیج بھی سامنے آگئی

سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچیوں کو شور مچا کر ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے

راولپنڈی میں ڈکیتی و زبردستی مال چھیننے کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، تھانہ دھمیال کے علاقے قائد اعظم کالونی میں ڈکیتی کی واردات میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو بچیوں کو اسکول سے لیکر آنے والی خاتون سے زیورات لوٹ کر لے گئے۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں بچیوں کو شور مچا کر ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج میں دیکھا گیا کہ خاتون اپنی دو بچیوں کو اسکول سے پِک کرنے کے بعد گھر پہنچنے پر کار گلی میں پارک کر رہی ہوتی ہے کہ اس دوران ایک بچی اسکول بیگ کے ساتھ اتر کر گاڑی کے عقب میں کھڑی ہو جاتی ہے جبکہ دوسری بچی گاڑی کی فرنٹ سیٹ سے اترنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے کہ اچانک ہیلمٹ اور فیس ماسک کے ساتھ سر پر ٹوپی پہنے دو موٹر سائیکل سوار پہنچ جاتے ہیں اور گاڑی کے دونوں دروازوں کی جانب کھڑے رہتے ہیں۔

ملزم کو فوٹیج میں فرنٹ سیٹ پر چھوٹی بچی سے کچھ چھینتے اور فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، گاڑی کے عقب میں کھڑی بڑی بچی ملزمان کی واردات کو بھانپتے ہوئے گھر کی جانب بھاگتی ہے۔ اطلاع پر اہل خانہ اور دونوں طالبات ملزمان کو فرار ہوتے وقت پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم ملزمان موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔

رابطے پر ایس پی صدر نبیل کھوکھر نے بتایا کہ واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مسلح ملزمان خاتون سے تقریباً ساڑھے 11لاکھ روپے مالیت کی صرف چار تولے کی چار چوڑیاں چھین کر لے گئے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واردات کا نوٹس لیکر ایس پی صدر اور پولیس ٹیم کو ملزمان جلد از جلد ٹریس کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

Load Next Story