چیئرمین سینیٹ کا اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد تک اجلاس کی صدارت سے انکار
چیئرمین سینیٹ یوسف گیلانی نے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد تک اجلاس کی صدارت سے انکار کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آج سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا تاہم اس کی صدارت چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے نہیں کی بلکہ ان کی جگہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے اجلاس کی صدارت سے انکار کردیا ہے، ان کا موقف ہے کہ جب تک تحریک انصاف کے سینٹر اعجاز چوہدری کو سینیٹ اجلاس میں لانے (پروڈکشن آرڈرز) کے میرے حکم پر عمل درآمد نہیں ہوگا اس وقت تک میں اجلاس کی صدارت نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ نے اعجاز چوہدری کو جیل سے لانے کے پروڈکشن آرڈرز دیے ہوئے ہیں مگر جیل انتظامیہ اس پر عمل درآمد نہیں کررہی جس پر چیئرمین سینیٹ نے احتجاجاً اجلاس کی صدارت سے انکار کیا ہے۔