پاکستانی طلبا نے دشمن اہداف کو لیزر سے نشانہ بنانے والا روبوٹک سسٹم تیار کرلیا
مہران یونیورسٹی کے طلباء نے لیزر گن سے لیس روبوٹ ویپن سسٹم تیار کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق مہران یونیورسٹی کے طلباء نے لیزر گن سے لیس روبوٹ بنایا ہے جو دشمن کو گولہ بارود کے بغیر روشنی کی رفتار سے نشانہ بنانے کے قابل ہے۔
اس روبوٹ میں زمین اور فضاء سے ہونے والی کسی بھی جارحیت کو جانی نقصان کے بغیر ناکام بنانے کی صلاحیت ہوگی۔
مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خیرپور کیمپس کے طلباء نے پاکستان کی دفاعی خود انحصاری کو مضبوط بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا روبوٹ وہیکل تیار کیا ہے جس پر نصب لیزر گن سیکنڈوں میں اپنے ہدف کو جلاکر بھسم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ تخلیقی آئیڈیا عملی شکل اختیار کرنے کی صورت میں سیکیوریٹی اہلکاروں اور افواج کے جانی نقصان کو کم کرتے ہوئے روایتی گولہ بارود کے خرچ کو کم کرے گا اور مصنوعی ذہانت کے زریعے دوست اور دشمن کی شناخت کرتے ہوئے متحرک، غیرمتحرک اہداف کو زمین سے زمین، فضاء سے زمین یا زمین سے فضاء میں انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔
مہران یونیورسٹی کے خیرپورکیمپس کے طلباء کی ٹیم نے اپنا منفرد تخلیقی آئیڈیا کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ چوتھے ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی شوکیس میں پیش کیا جسے وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی بے حد سراہا۔
یہ ٹیکنالوجی دنیا کے چار ترقی یافتہ ملک دفاعی شعبے میں استعمال کررہے ہیں۔ پاکستان میں اس ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے تو اسلامی دنیا کا پہلا اور دنیا کا پانچواں ملک بن سکتا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کی افادیت اور خصوصیات بتاتے ہوئے مہران یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ آف الیکٹرانکس خیرپور کیمپس کے طالب علم طالب علم سید اویس احمد نے بتایاکہ ہماری ٹیم نے روبوٹ لیزر گن کا پروٹوٹائپ بنایا ہے جو روایتی بیلسٹک ویپن سسٹم کا بہترین متبادل بن سکتا ہے۔