کراچی: سرجانی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے کمسن بچہ جاں بحق، 2 افراد زخمی

متوفی کی شناخت 6 سالہ بنجو ولد آئزک کے نام سے کی گئی، زخمیوں میں 6 سالہ ایلن اور 30 سالہ روبن شامل

(فوٹو: فائل)

کراچی:

سرجانی ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے ایک کمسن بچہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کےعلاقے تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 سی میں  گھر کے باہر فائرنگ سے ایک کمسن بچہ جاں بحق اور ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 6 سالہ بنجو ولد آئزک کے نام سے کی گئی، زخمیوں میں 6 سالہ ایلن ولد شہزاد اور 30 سالہ روبن ولد بابر شامل ہیں۔

فائرنگ کی اطلاع پر متعلقہ تھانے کی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فوری کرائم سین یونٹ کو بھی شواہد اکٹھا کرنے کے لیے طلب کرلیا، ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن انسپکٹر غلام حسین پیرزادہ کا کہنا ہےابتدائی تحقیقات کے مطابق بارات لیکر جانے والے  افراد شادی میں فائرنگ کررہے تھے، اسی دوران حادثاتی طور پر واقعہ پیش آیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ میں استعمال ہونے والی پستول برآمد کرلی جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

Load Next Story