پی ٹی آئی کے جنید اکبر بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب

مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز نے جنید اکبر کا نام تجویز کیا


ویب ڈیسک January 24, 2025
جنیداکبر خان نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا—فوٹو: اسکرین گریب

اسلام آ باد:

حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن جنید اکبر خان کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کردیا گیا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اسپیشل سیکریٹری محمد مشتاق کی زیر صدارت ہوا جہاں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور شبلی فرازنے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنید اکبر کا نام چیئرمین کے لیے تجویز کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان اور قاسم نون نے جنید اکبر کے نام کی تائید کی۔

پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ اور مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین نے بھی جنید اکبر کے نام کی تائید کی، جس کے بعد جنید اکبرخان کو بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب کیا گیا۔

جنید اکبر خان نے کہا کہ تمام اراکین کا شکر گزار ہوں، ہماری خواہش تھی شیخ وقاص اکرم چیئرمین پی اے سی بنیں، 11سال رکن اسمبلی رہا مگر پی اے سی کا تجربہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساتھی اراکین کے ساتھ بہتر انداز میں ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کروں گا۔

جنید اکبر خان نے کہا کہ میں حکومت اور پارٹی کا شکر گزار ہوں، میں کوشش کروں گا کہ اچھے سے ذمہ داری نبھاؤں، میرے لیے یہ نئی چیز ہے، سارے سینئر لوگ ہیں، ہم ان سے سیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو ذمہ داری میرے قائد نے دی اسے اچھے طریقے سے نبھاؤں گا۔

قبل ازیں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نام پر اتفاق ہوگیا تھا اور فریقین شیخ وقاص اکرم کے بجائے جنید اکبر کے نام پر متفق ہوگئے تھے۔

چیئرمین پی اے سی کے لیے پی ٹی آئی نے نئے ناموں کا پینل تیار کیا جس میں سے تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا نام نکال کر اور ان کی جگہ عادل بازئی کا نام پینل میں شامل کیا تھا۔

تاہم چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے حوالے سے بتایا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جنید اکرم کے نام پر اتفاق ہوگیا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی کے انتخاب کے حوالے سے آگاہ کیا اور پی اے سی کے ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی اورحتمی مشاورت کے بعد پی اے سی کا اجلاس طلب کیا گیا، جس میں چیئرمین پی اے سی کا انتخاب کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں