لاہور؛ موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے مرد یا عورت کیلیے بھی ہیلمٹ لازمی قرار

گاڑی میں ڈرائیورکے ساتھ والی نشست پربیٹھی سواری کوبھی سیٹ بیلٹ باندھنی ہوگی،فیصلہ انسانی زندگی بچانےکیلیے کیا،سی ٹی او


ویب ڈیسک January 24, 2025

لاہور:

لاہور میں موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے ہوئے فرد کیلیے ہیلمٹ پہننے اور گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ والی نشست پر بیٹھی سواری کیلیے سیٹ بیلٹ باندھنے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ 

چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ لوگوں کو ہیڈ انجریز سے محفوظ رکھنے کے لیےکیا گیا، اس کا مقصد انسانی زندگی بچانا ہے۔ 

ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ سڑک پر ہونے والے حادثات کو بڑھنے سے روکا جائے، شہریوں کو پہلے ایک ہفتے آگاہی اور وارننگ دی جا رہی ہے اس کے بعد کارروائی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ، فیلڈ افسران اور ٹریفک ایف ایم 88.6 کے ذریعے آگاہی چلارہے ہیں۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ خواتین کی زندگی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی مردوں کی، ہمیں وقت کے ساتھ چلنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قدم آگے چلنا ہوگا، آئندہ 5 سال میں ہم لاہور اور پنجاب کو کیسا دیکھنا چاہتے ہیں یہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دن کے وقت لاہور میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے، آئل ٹینکرز بھی رات 11 بجے شہر میں داخل ہوں گے۔ ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ میرا اولین مقصد شہریوں کے لیے کلین لاہور دینا ہے،شہریوں کو واضح تبدلی نظر آئے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں