بیٹے کے رونے کی آواز پر سیف علی خان نے اپنی جان خطرے میں ڈال دی

یہ واقعہ ان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی ناکام کوشش کے دوران پیش آیا تھا

بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار سیف علی خان نے اپنے گھر پر ہونے والے خطرناک حملے کی تفصیلات پہلی بار پولیس کو بتا دیں۔

سیف نے بتایا کہ یہ واقعہ 16 جنوری کی رات 2:30 سے ​​2:40 کے درمیان پیش آیا، جب وہ اپنی بیوی کرینہ کپور کے ساتھ 12ویں منزل پر موجود تھے۔ ان کے بیٹے جے کے رونے کی آواز سن کر وہ کمرے سے باہر نکلے۔ 11ویں منزل پر پہنچنے پر انہوں نے دیکھا کہ جے کی نرس ایک اجنبی کے ساتھ تیز آواز میں بات کر رہی تھی۔

سیف نے بتایا کہ حملہ آور کے ہاتھ میں چاقو تھا اور خطرہ محسوس کرتے ہوئے انہوں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی، لیکن اس نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ سیف کو گردن، پیٹھ اور ہاتھوں پر گہرے زخم آئے، جبکہ حملے کے دوران ان کے بیٹے کو نرس نے کمرے سے باہر نکال لیا۔

سیف نے مزید کہا کہ انہوں نے کسی طرح حملہ آور کو کمرے میں بند کیا، لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ زخمی حالت میں سیف کو رکشہ کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا آپریشن کیا گیا اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا۔

سیف کو چھ دن اسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ ان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی ناکام کوشش کے دوران پیش آیا تھا۔


 

Load Next Story