امریکا میں ایک لائبریری کو ارنسٹ ہیمنگ وے کی کتاب ’دی سن آلسو رائزز‘ 56 برس بعد لوٹا دی گئی۔ کتاب کے ساتھ تاخیر کی وجہ اور متبادل کتاب کی قیمت کی مد میں ایک چیک بھی بھیجا گیا تھا۔
کنیکٹیکٹ میں موجود گرینج لائبریری کا ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر کہنا تھا کہ یہ کتاب ممکنہ طور پر اس لائبریری کو سب سے زیادہ تاخیر سے لوٹائی جانے والی کتاب ہے۔
واپس کی گئی کتاب کے ساتھ ایک نوٹ بھی بھیجا گیا جس میں کتاب واپس کرنے والے نے لکھا تھا کہ وہ گرینج میں پیدا ہوئے اور پلے بڑھے، ان کا خاندان 1980 میں نیو یارک ریاست منتقل ہوگیا۔ حال ہی میں وہ کچھ پرانے ڈبے دیکھ رہے تھے جہاں انہیں یہ کتاب ملی۔ انہوں نے یہ کتاب پھر پڑھی اور اب 56 برس بعد واپس لوٹا رہے ہیں۔ ساتھ میں ایک چیک بھی ہے جو اس کتاب کے بدلے دوسری کتاب لیے جانے کے اخراجات کو پورا کر دے گا۔
لائبریری انتظامیہ نے سابق پیٹرن کا اس طرح تعاون کرنے پر سوشل میڈیا پر شکریہ ادا کیا۔