سرفراز اور روسو کی جگہ کون لے گا؟ گلیڈی ایٹرز کو نیا کپتان مل گیا

بیٹر رواں ایڈیشن میں قیادت کے فرائض نبھائیں گے


ویب ڈیسک January 25, 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سابق کپتان سرفراز احمد اور رائلی روسو کے بعد نیا کپتان مل گیا۔


گزشتہ روز پی ایس ایل کی سابق چیمپئین ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے نئے کپتان سعود شکیل کے نام کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ٹیم کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے تیار ہیں۔

سعود شکیل رواں برس اپریل اور مئی میں شیڈول ایونٹ میں قیادت کے فرائض نبھائیں گے۔

مزید پڑھیں: سرفراز کو رخصت کرنے کے بعد سعود کو کپتان بنانے کا فیصلہ

خیال رہے کہ سعود شکیل اسوقت پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

پی ایس ایل10 میں گلیڈی ایٹرز کو ہیڈکوچ شین واٹسن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جس کے باعث سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے جبکہ معین خان کو ڈائریکٹر کرکٹ کی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: ڈرافٹ مکمل ہونے کے بعد گلیڈی ایٹرز کو سرفراز کی یاد آگئی

سرفراز احمد اس وقت چیمپئنزکپ کے مینٹور ہیں لیکن معاہدے کے مطابق وہ پی ایس ایل کی فرنچائز کیلئے کام کرسکتے ہیں۔

سرفراز احمد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ساتھ 

سابق کپتان نے بطور پلئیر ٹیم کیساتھ 9 سال کا طویل سفر طے کیا ہے، جس میں وہ 8 سال کوئٹہ کی ٹیم کے کپتان رہے جبکہ گزشتہ سیزن میں انکی جگہ افریقی کرکٹر رائلی روسو کو قیادت کے فرائض سونپ دیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: سرفراز احمد پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار بینچ پر بیٹھے رہیں گے

سابق کپتان کی قیادت میں گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں پہلی پی ایس ایل چیمپئین بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا، سرفراز بطور کپتان 86 میچز میں 1525 رنز بنائے۔

تاہم رواں سیزن کی ڈرافٹنگ کے آغاز سے قبل گلیڈی ایٹرز نے سرفراز کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا تھا اور وہ 9 سال بعد پہلی بار ڈرافٹ کا حصہ بنے تھے تاہم کسی فرنچائز نے انہیں پِک نہیں کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں