پاکستان امریکی مارکیٹ میں رسائی کی کوشش کرنے لگا

مستقبل میں لیگ کے میچز کرانے کی راہیں بھی تلاش کی جانے لگیں


سلیم خالق January 25, 2025

پاکستان امریکی مارکیٹ میں رسائی کی کوشش کرنے لگا، اعلیٰ آفیشلز کے دورے میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 2 نئی ٹیموں سمیت مستقبل میں میچز کرانے کی راہیں تلاش کی جانے لگیں۔


تفصیلات کے مطابق امریکا میں کرکٹ کا کھیل تارکین وطن ایشیائی باشندوں کی بڑی تعداد کے سبب تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے، گزشتہ برس آئی سی سی کی جانب سے ورلڈکپ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا، نیویارک میں پاک بھارت مقابلہ شائقین سے کھچا کھچ بھرے میدان میں ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل کے سربراہ سلمان نصیر ان دنوں امریکا کے مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں، چیئرمین محسن نقوی بطور ملکی وزیر داخلہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلیے وہاں گئے تھے، دونوں پاکستانی آفیشلز نے کرکٹ کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

مزید پڑھیں: سرفراز اور روسو کی جگہ کون لے گا؟ گلیڈی ایٹرز کو نیا کپتان مل گیا

ذرائع کے مطابق امریکی کرکٹ لیگ میں بیشتر ٹیم مالکان بھارتی ہیں، کرکٹ ایسوسی ایشن کا بھی یہی حال ہے، ایسے میں پاکستان کیلیے وہاں جلد قدم جمانا آسان نہ ہوگا، البتہ بڑی مارکیٹ کو تنہا بھارت کیلیے چھوڑ دینا بھی مناسب نہیں، اسی لیے پی سی بی مختلف راہیں تلاش کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 10 میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کی موجیں، پی سی بی الگ سے کتنی رقم ادا کرے گا؟

پی ایس ایل سیزن 11 میں 2 نئی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی، امریکی کرکٹ میں متحرک 2 پاکستانی شخصیات ٹیمیں خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، ان کے ساتھ بھی بات چیت ہو گی، ان میں سے کوئی ایک ٹیم لے سکتا ہے، ملکی کرکٹ کے ایک اہم اسٹیک ہولڈر کو بھی ٹیم خریدنے میں دلچسپی ہے، وقت آنے پر اس حوالے سے دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آئے گا، اسی طرح بورڈ کی خواہش ہے کہ مسقبل میں پی ایس ایل کے بعض میچز کا انعقاد بھی امریکا میں کرایا جائے، اس حوالے سے بھی آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں اسٹارز فرنچائزز کی جیب پر بوجھ نہیں بنیں گے، مگر کیسے؟

ذرائع نے بتایا کہ یہ دورہ محض آغاز ہے، راتوں رات کچھ ممکن نہیں، البتہ پی سی بی نے امریکی کرکٹ میں انٹری کی کوشش ضرور شروع کر دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں