ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران  بھاری مقدار میں منشیات برآمد

7 کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 59 لاکھ سے زائد کی 52 کلو منشیات برآمد کرلی گئی


ویب ڈیسک January 25, 2025
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے:فوٹو:فائل

راولپنڈی:

ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ اور خرید و فروخت کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس دوران 7 مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 59 لاکھ  روپے سے زائد مالیت کی 52.185 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

لاہور ایئرپورٹ کے ذریعے کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے اسپیکر میں چھپائی گئی 25 گرام کوکین برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی  21.6 کلو گرام چرس برآمد کرکے  ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

اُدھر نارووال روڈ لاہور کے قریب رکشے سے 18 کلو چرس برآمد کرکے  ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ شیخوپورہ کے قریب کار میں چھپائی گئی 1.030 کلو ہیروئن، 4.8 کلو چرس اور 1.030 آئس برآمد ہوئی۔ موقع سے ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب جی ٹی روڈ جہلم کے قریب ملزم کے قبضے سے 2.5 کلو چرس برآمد ہوئی۔ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب کار سے 2 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا جب کہ اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب خاتون سے 1.2 کلو چرس برآمد ہوئی۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں