انگلینڈ میں گزشتہ سال ٹیلر سوئفٹ سے متاثر ڈانس کلاس میں تین کم عمر لڑکیوں کو قتل کرنے والے 18 سالہ نوجوان ایگزل روڈاکوبانا کو 52 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 23 جنوری کو جج جولیئن گوز نے جرم کو ’انتہائی سنگین اور ناقابل یقین‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روڈاکوبانا نے معصوم لڑکیوں کا قتل عام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ قاتل کے نابالغ ہونے کی وجہ سے عمر قید کی سزا نہیں دی جا سکتی تھی۔ تاہم 52 سال میں سے 6 ماہ جو وہ حراست میں رہا، کم کر کے باقی سزا کے بعد پیرول کے لیے غور کیا جائے گا، لیکن ممکن ہے کہ اسے کبھی رہائی نہ ملے۔
یاد رہے کہ روڈاکوبانا نے گزشتہ سال جولائی میں ساؤتھ پورٹ میں 9 سالہ ایلس ڈا سلوا، 7 سالہ ایلس اسٹینکومب، اور 6 سالہ بیبے کنگ کو قتل کیا تھا۔ حملے میں آٹھ دیگر لڑکیاں اور دو نوجوان بھی زخمی ہوئے تھے۔
حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے کیونکہ روڈاکوبانا کو متعدد بار حکام کے حوالے کیا گیا تھا، لیکن کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ ملزم پر قتل، اقدام قتل، چاقو رکھنے اور القاعدہ کے مواد رکھنے کا الزام تھا، جنہیں اس نے مقدمے کے دوران تسلیم کر لیا۔
عدالت میں پیش کردہ ویڈیو میں واقعے کی ہولناکی کو دیکھ کر حاضرین آبدیدہ ہوگئے۔