میٹا نے 2025 میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر 60 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 2025 اے آئی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہوگا، جس میں میٹا سب سے آگے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی اپنے اے آئی منصوبوں کے لیے ایک نئے اور بڑے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کرے گی، جو آنے والے سالوں میں میٹا کی بنیادی مصنوعات اور کاروبار کو مزید ترقی دے گا۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری تاریخی جدتوں کے دروازے کھولے گی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکی برتری کو مزید مستحکم کرے گی۔ یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند دن بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے اے آئی انفراسٹرکچر پر 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔
ٹرمپ کے اس اعلان پر ان کے اتحادی ایلون مسک نے کہا تھا کہ اس سرمایہ کاری کے لیے حقیقت میں مطلوبہ فنڈز موجود نہیں۔ دوسری جانب، مائیکروسافٹ کے صدر بریڈ اسمتھ نے بھی اس مالی سال میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر، اے آئی ماڈلز کی تربیت، اور کلاؤڈ بیسڈ ایپلی کیشنز کے فروغ پر تقریباً 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔
بریڈ اسمتھ نے اپنی ایک آن لائن پوسٹ میں کہا کہ امریکا اس نئی ٹیکنالوجی کی لہر میں سب سے آگے رہنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔