اسلام آ باد:
وزیراعظم شہباز شریف نے دنیائے اسنوکر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کیوئسٹ محمد آصف کو 25 لاکھ روپے انعام دے دیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اسنوکر چیمپئین محمد آصف نے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے محمد آصف کو حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سارک اسنوکر چیمپیئمن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیرِ اعظم نے محمد آصف کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا اور کہا کہ
پاکستانی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، آپ نے اسنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تین بار ورلڈ ایمیچئیور اسنوکر چیمپیئمن شپ اور تین مرتبہ سارک سنوکر چیمپیئن شپ جیت کر آپ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، پاکستان کا نام روشن کیا، حکومت، پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
محمد آصف نے وزیرِ اعظم کی جانب سے قومی سطح پر پزیرائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومتی سر پرستی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیرِ اعظم نے میری پزیرائی کی، وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو، محمد آصف کے ساتھ مل کر ملک میں، اسنوکر کے مزید کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے اقدامات کی ہدایت جاری کی تاکہ نوجوانوں میں اس کھیل کو مزید فروغ ملے۔