پشاور:
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش سے پاکستان کے لیے براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے گہرے تعلقات ہیں اور اب بنگلہ دیش سے پاکستان براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں، بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین نئے تجارتی اور سفارتی تعلقات پہلے سے بھی مضبوط ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں آزادی اظہار رائے کو کافی اہمیت حاصل ہے، ہماری نوجوان نسل نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہی حقوق کے لیے آواز اٹھائی اور آج بنگلہ دیش میں آزادی اظہار رائے کا راج ہے۔
محمد اقبال حسین خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع ہیں، ہمارے لوگ یہاں علاج معالجے کی سہولت کے لیے آتے ہیں اور ہماری نیک خواہشات ہیں کہ انڈسٹری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی مصنوعات کی پاکستان میں طلب ہے، چٹاگانگ اور کراچی کے مابین شپنگ سے تجارت جاری ہے لیکن بہت کم ہے۔
پاکستان میں تعینات ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جلد انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ہماری ترجیحات معاشی ترقی ہیں۔
محمد اقبال حسین کا کہنا تھا کہ دفاعی شعبے میں پاک فضائیہ بہت کمال رکھتی ہے۔