خیبرپختونخوا میں سال کا پہلا ایم پاکس کیس رپورٹ

صوبے میں اب تک ایم پاکس کے 10 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، مشیر صحت کے پی


شاہدہ پروین January 26, 2025
فوٹو: فائل

پشاور:

خیبر پختونخوا میں سال 2025 کا پہلا ایم پاکس کیس رپورٹ ہوا ہے جہاں پشاور ائیرپورٹ پر دبئی سے آنے والے 35 سالہ مسافر میں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب نے ایم پاکس کی تصدیق کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاورائیرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز میں سکریننگ کے دوران ایک مسافر میں ایم پاکس کی علامات پائی گئیں، ایم پاکس کیس رپورٹ ہوتے ہی پبلک ہیلتھ کی ٹیم پشاور ائیرپورٹ پہنچ گئیں اور پبلک ہیلتھ ٹیم نے مریض کو فوری طور پولیس سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

مشیر صحت احتشام علی نے اس حوالے سے کہا کہ پولیس اسپتال سے مریض کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجے گئے ہیں، لیب سے دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پشاور ائیرپورٹ کے مینجر کو بھی خط لکھ  دیا گیا ہے کہ مریض کے اطراف موجود مسافروں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، مسافروں کی معلومات ملتے ہی متعلقہ ڈی ایچ اوز کو کنٹیکٹ ٹریسنگ کے لیے مطلع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں اب تک ایم پاکس کے 10 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، 2023 میں دو، 2024 میں سات اور 2025 میں پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

مشیر صحت کا کہنا تھا کہ عوام سے التماس سے سماجی فاصلوں کو یقینی بناتے ہوئے محتاط رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں