راولپنڈی:
پاکستان اور اٹلی نے سیکیورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا عزم دہرایا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا سرکاری دورے پر اٹلی میں ہیں،چییرمین چیف آف جنرل سٹاف نے اٹلی کے وزیر دفاع گوئیدو کروسیٹو، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل لوسیانو پورٹولانو، اطالوی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل کارمائن میزیلو اور لیونارڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کارلو گوالدارونی سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق الگ الگ ہونے والی ملاقاتوں میں دونوں فریقین نے موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اطالوی سول اور عسکری قیادت نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
اس سے قبل اطالوی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو ایک چاق و چوبند فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔