واشنگٹن:
سابق ٹی وی میزبان اور تجزیہ کار پیٹ ہیگسیتھ نے امریکا کے نئے وزیر دفاع کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ کی جانب سے توثیق کیے جانے کے بعد پیٹ ہیگسیتھ نے امریکا کے ڈیفینس سیکرٹری کا حلف اٹھا لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سینیٹ میں انکی تصدیق کی سماعت کے دوران پیٹ ہیگسیتھ کو جنسی زیادتی، شراب نوشی، بے وفائی سمیت مختلف الزامات پر سخت سوالوں کا سامنا کرنا پڑا۔
تین ری پبلکن سینیٹرزنے بھی وزیردفاع کی مخالفت کی جس کے بعد ان کے حق اور مخالفت میں 50، 50 ووٹ پڑنے سے مقابلہ برابر ہوگیا تھا مگر بعد ازاں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے فیصلہ کن ووٹ ڈال کر ہیگسیتھ کی توثیق کی۔
حلف برداری کے وزیر دفاع بعد پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے پیغام میں کہاکہ میں امریکا کو اولیت دوں گا، واضح رہے 44 برس کے پیٹ ہیگسیتھ اس سے قبل امریکی ٹی وی کے جارحانہ میزبان اور تجزیہ کار بھی رہ چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے نئے وزیر دفاع کے طور پر سابق جنگی تجربہ کار اور فوکس نیوز کے سابق میزبان پیٹ ہیگسیتھ تقریباً 30 لاکھ ملازمین اور 849 ارب ڈالر کے بجٹ کی نگرانی کریں گے۔