صدر ایف پی سی سی آئی کا شرح سود میں 500بیسس پوائنٹس کمی کا مطالبہ 

 ،اسٹیٹ بینک کے پاس پالیسی ریٹ 8فیصد پر لانے کی گنجائش ہے، صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز


ویب ڈیسک January 26, 2025

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے صدر  عاطف اکرا م شیخ  نے اسٹیٹ بینک سے شرح سود میں 500بیسس پوائنٹس کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی  نے کہا کہ  اسٹیٹ بینک کے پاس پالیسی ریٹ 8 فیصد پر لانے کی گنجائش موجود ہے، مرکزی بینک کل ہونیوالے مانیٹری کمیٹی اجلاس میں شرح سود میں 5فیصد کمی کرے، حالیہ ہفتے مہنگائی بڑھنے کی شرح صفر اعشاریہ52فیصدکی کم ترین سطح پر آگئی ہے، پالیسی ریٹ کی موجودہ دوہرے ہندسے کی شرح غیر منصفانہ ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی  نے مزید کہا کہ    مہنگائی میں کمی کے باوجود بلند شرح سود کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں رکاوٹ ہے، معاشی اشاریے مثبت،مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں 5فیصد کمی سے بینکوں میں پڑے ہوئے پیسے صنعتوں میں لگیں گے،  پیسے کی سرکولیشن بڑھنے سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

عاطف اکرام شیخ  نے کہا کہ شرح سود میں بڑی کمی ملکی معیشت کی بہتری اور مالی استحکام کے حوالے سے اہم ہے، شرح سود میں کمی برآمدات میں اضافے، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریگی،  معیشت ٹریک پر آ چکی ،پائیدار معاشی استحکام کیلئے کاروبار دوست اقدامات ناگزیر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں