سیف علی خان پر حملہ، ممبئی پولیس کا میڈیا پر ملزم کو بچانے کا الزام

میڈیا بے بنیاد اور گمراہ کن خبریں دے کر پولیس تفتیش کو الجھانا اور ملزم کو بچانا چاہتا ہے، پولیس


ویب ڈیسک January 26, 2025

ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کیس میں ملزم کے فنگر پرنٹس میچ نہ کرنے کی خبروں کو مسترد کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر ستیانیاران چوہدری نے کہا کہ میڈیا پر فنگر پرنٹس  ملزم سے نہ ملنے کی خبریں گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں اور اس طرح کی چیزیں تفتیش کو الجھانے کیلیے کی جارہی ہیں تاکہ اصل ملزم گرفتاری سے بچ سکے۔

قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سیف علی خان کے گھر سے پولیس نے جو فنگر پرنٹس لیے وہ گرفتار ملزم شرف الالسلام سے نہیں مل رہے۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر پولیس نے بھی فنگر پرنٹس نہ ملنے سے متعلق خبروں کی تردید کی تھی جبکہ سی آئی ڈی افسر نے کہا تھا کہ رپورٹ آنے کے بعد ممبئی پولیس اس کی چھان بین کررہی ہے اور اسے فرانزک کیلیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق باندرا پولیس نے سیف علی خان کے گھر کے مختلف مقامات سے 20 سے زائد فنگر پرنٹس حاصل کیے تھے۔

واضح رہے کہ سیف علی خان 16 جنوری کو اپنے گھر میں مزاحمت کے دوران چاقو کے کئی واروں سے زخمی ہوکر اسپتال پہنچے تھے جہاں اُن کی دو سرجریز ہوئیں جبکہ وہ پانچ روز تک زیر علاج رہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں