کراچی میں سات دن بعد پانی کی فراہمی معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی جا ری ہے تاہم پیپری پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی، شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو سات دن پانی کی قلت کاسامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے جس کے باعث شہر میں پیر سے پانی کی فراہمی معمول پر آنے کا امکان ہے، شہر میں سات دن میں ایک ارب 20 کروڑ گیلن سے زائد پانی فراہم نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہوئی۔
واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے 19 پمپس کے ذریعے شہر میں پانی کی فراہمی جا ری ہے پیر سے شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر آجائیں گی۔
کراچی میں گزشتہ پیر کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ سے دو مرکزی لائنیں پھٹ گئی تھی تاہم ایک لائن کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا جبکہ دوسری لا ئن کی مرمت کام پیر تک مکمل ہونے کاامکان ہے۔
پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقے جن میں کورنگی ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، پی آئی بی کالونی، اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر شامل تھے ان میں پانی کی شدید قلت رہی اور شہریوں نے مہنگے داموں ٹینکرز کے ذریعے پانی حاصل کیا۔