یونان کشتی حادثے کے حوالے سے خراب کارکردگی، ڈی جی ایف آئی اے کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
یونان کشتی حادثات کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی خراب کارکردگی کے تناظر میں اس کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈیویژن نے ڈی جی ایف آئی اے کو عہدے سے ہٹائے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق احمد اسحاق جہانگیر کو او ایس ڈی کیا گیا ہے اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی تعیناتی کے دوران پاکستانی تارکین وطن کے کشتی حادثات کے بڑے واقعات پیش آئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں انسانی اسمگلنگ کے کئی واقعات میں ایف آئی اے افسران کے ملوث ہونے کے معاملات سامنے آئے تھے۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر کو یونان کی سمندری حدود میں کشتی الٹنے کے باعث متعدد تارکین وطن سمیت 40 پاکستانیوں کی موت ہو گئی تھی۔