امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، سربراہ امریکی سرمایہ کار وفد
امریکی ارب پتی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔
اسلام آباد میں معروف صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان آکر بہت خوش محسوس کررہاہوں، پاکستان کے لوگ بہت ذہین اور محنتی ہیں، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات تاریخی ہیں۔
جینٹری بیچ نے کہا کہ دنیا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے، امریکہ میں پاکستان کے بارے میں کچھ غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی گئی ، ماضی میں امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی، بائیڈن کے دور میں امریکہ کا افغانستان سے انخلا کا طریقہ بہت غلط تھا۔
یہ بھی پڑھیں : رچرڈ گرینل پاکستان کے نظام انصاف کی حمایت کرتےہیں انہیں اے آئی ٹیکنالوجی سے گمراہ کیاگیا، امریکی وفد
ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتصادی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں، امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان آیا ہے ، امریکہ پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، امریکی سرمایہ کار مصنوعی ذہانت، رئیل اسٹیٹ اور معدنیات، میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔
جینٹری بیچ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے، میں پاکستان میں دنیا کے بہترین لوگوں سے ملا ہوں، رچرڈ گرینیل نے ذاتی طور پر مجھے بتایا کہ "انہیں مصنوعی ذہانت کے ذریعے انٹرنیٹ پر جعلی ویڈیو کی تشہیر کے ذریعے گمراہ کیا گیا‘‘، رچرڈ گرینل پاکستان کے نظام انصاف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
جینٹری بیچ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ بہت محنتی اور شاندار امریکی صدر ہیں، ہم صدر ٹرمپ کے اقتصادی سفارت کاری کے ایجنڈے کو کامیاب بنائیں گے، پاکستانی قیادت کے ساتھ میری ملاقاتیں بہت اچھی رہیں۔