سول اسپتال کراچی میں 24 گھنٹے سے بجلی معطل
سندھ کے سب سے بڑے ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کے بیشتر یونٹوں میں منگل سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، گزشتہ 24 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے اسپتال کے او ٹی کمپلیکس، آرتھوپیڈک، میڈیکل و سرجیکل یونٹوں سمیت نصف اسپتال میں بجلی نہیں۔
اسپتال کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے اپکسپریس کو بتایا کہ سول اسپتال کو فراہم جانے والی بجلی کی ایک پی ایم ٹی کافی عرصے سے خراب ہے۔ آئے دن پی ایم ٹی میں فنی خرابی رہتی ہے جس کی وجہ سے اسپتال کے متعدد اہم شعبوں میں اچانک بریک ڈاؤن ہوجاتا ہے، جس سے دوران آپریشن میں مریضوں کی جان کو بھی شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایم ٹی کی تبدیلی کے لیے متعدد بار مکتوب بھی لکھے گئےلیکن ہماری درخواست پرابھی تک غور نہیں کیا گیا۔ انھوں نےبتایا کہ منگل کی شام سے سول اسپتال کی ایک پی ایم ٹی خراب ہونے کی وجہ اسپتال کے اپریشن تھیٹر سمیت متعدد یونٹوں میں بجلی نہیں تاہم اسپتال میں موجود 730 کلو واٹ کے دو جنرٹیروں کی مدد سے بجلی کی فراہمی کی جارہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ جن یونٹوں میں بجلی کی فراہمی 24 گھنٹوں سے معطل ہے ان یونٹوں کو جنریٹرز سے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور اب تک 3 لاکھ روپے سے زائد کا ڈیزل ڈالا جاچکا ہے، جبکہ مسلسل چلنے والے جنریٹروں میں آئل بھی ڈالا گیا ہے۔
ڈاکٹر خالد بخاری نے بتایا کہ زیر علاج مریضوں اور ان کے تیماداروں کو بجلی کی مسلسل فراہمی کی جارہی ہے۔ انھوں نے مزید بتایاکہ پی ایم ٹی میں فنی خرابی کی وجہ سے اسپتال کے یونٹوں میں اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے جنریٹروں کی مدد سے مریضوں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کو آئے دن بجلی کے بریک ڈاؤن کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔
دریں اثنا سول اسپتال میں بجلی کی فراہمی کے سوال پر ایم ایس ڈاکٹر خالدبخاری نے رات گئے بتایا کہ کے الیکڑک کے عملے نے پی ایم ٹی کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ انھوں نے بدھ کی شام دیے گئے اپنے بیان کی تصیصح کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایم ٹی سول اسپتال کی ملکیت ہے اور ہماری پی ایم ٹی میں خرابی کی وجہ سے بجلی معطل ہوئی ہے تاہم کے الیکڑک کا عملہ اب پی ایم ٹی کی مرمت کررہا ہے اور اسپتال میں ائندہ 4 سے5 گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔