معروف برطانوی پاپ گلوکارہ اور نغمہ نگار ماریان فیتھ فل 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماریان فیتھ فل کی موسیقی کی تشہیری کمپنی ’ریپبلک میڈیا‘ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کیا جاتا ہے کہ گلوکارہ، نغمہ نگار اور اداکارہ ماریان فیتھ فل اس دنیا سے رخصت ہوگئی ہیں‘۔
ماریان فیتھ فل کا میوزک کیریئر اس وقت شروع ہوا جب وہ ایک پارٹی میں رولنگ سٹونز کے مینیجر سے ملیں اور 1964 میں محض 17 سال کی عمر میں ’ایز ٹیئرز گو بائی‘ گانے کو ریکارڈ کیا۔ یہ گانا برطانیہ اور امریکہ میں مقبول ہوا اور اس کے بعد ان کے متعدد ہٹ سنگلز اور دو البمز سامنے آئے۔
گلوکارہ کی موت پر ان کے ساتھی گلوکاروں اور فنکاروں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ میک جیگر نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’وہ میری زندگی کے طویل عرصے تک حصہ رہیں، ایک بہترین دوست، خوبصورت گلوکارہ اور عظیم اداکارہ تھیں۔‘
خیال رہے کہ ماریان کی زندگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی، وہ منشیات کی لت میں مبتلا ہوئیں اور کئی عرصے تک بے گھر بھی رہیں، لیکن 1979 میں البم ’بروکن انگلش‘کے ذریعے شاندار واپسی کی۔ بعد میں انہوں نے اپنی زندگی کو سنوارا اور اسے ایک غیر معمولی تجربہ قرار دیا۔