بلوچستان: بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی غیر ملکی شراب پکڑی گئی

شراب کی عالمی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 63 ہزار امریکی ڈالر کے قریب ہے، حکام

کراچی:

پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے گڈانی اور سپر ہائی وے روڈ چیک پر اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے غیر ملکی شراب کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔

انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں میں گڈانی کے نزدیک سمندر کے راستے اسمگل کی جانے والی 1973 بوتلیں اعلیٰ کوالٹی کی غیر ملکی شراب ضبط کی گئیں۔

ایک اور کارروائی کے دوران سپر ہائی وے روڈ چیک پر مسافر کوچ کے ذریعے اسمگل کی جانے والی 102 بوتلیں برآمد کی گئیں۔

یہ شراب اندرونِ ملک اسمگل کی جا رہی تھی اور اس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 63 ہزار امریکی ڈالر (70 لاکھ پچاس ہزار سات سو پاکستانی روپے) کے قریب ہے۔

پکڑی جانے والی شراب کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل نے کارروائیوں میں شامل افسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔

Load Next Story