ایوب میڈیکل کمپلیکس کی ایم آر آئی مشین گمشدگی کا ڈراپ سین، مشیر صحت نے ڈھونڈ نکالی

مشین اسپتال میں موجود ہے اور کام کررہی ہے، ہنسی آرہی ہے کہ اتنی بڑی مشین کون کیسے چوری کرسکتا ہے؟ مشیر صحت کے پی

پشاور:

ایوب میڈیکل کمپلیکس کی ایم آر آئی کی گمشدگی کے اسکینڈل کا ڈراپ سین ہوگیا، ایم آر آئی مشین مشیر صحت خیبرپختونخوا نے ڈھونڈ نکالی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی تک ایوب میڈیکل کمپلیکس میں ایم آر آئی مشین کی گمشدگی کا معاملہ اٹھانے کے بعد اب ایم آر آئی مشین بھی منظر عام پر آگئی، گزشتہ روز مشیر صحت احتشام علی ایوب میڈیکل کمپلیکس کی ایم آر آئی مشین دریافت کرنے خود اسپتال پہنچ گئے جہاں مشین کام کررہی تھی۔

ان کا کہنا تھا مشین تو اسپتال میں موجود ہے، کام بھی کررہی ہے، دیکھ کر ہنسی آئی کہ اتنی بڑی مشین کون کیسے چوری کرسکتا ہے؟

انہوں نے کہا پتا نہیں نگران دور کے کارناموں سے کب جان چھوٹے گی، نگران دور کے ادویات اسکینڈل، ایم آر آئی اسکینڈل، بھرتی اسکینڈل نے صحت کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں جلد کارڈیالوجی او ٹی اور سرجیکل آئی سی یو فعال ہوگا۔۔

واضح رہے کہ ایوب ٹیچنگ اسپتال سے ایم آر آئی مشین کی چوری ہونے کی خبریں میڈیا پر سامنے آٗئی تھیں جس پر کے پی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت نے نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کے ڈی جی کو بھی طلب کیا تھا۔۔۔

Load Next Story