
حکومت سندھ نے کراچی کے صنعت کاروں اور کاروباری برادری کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں 24 رکنی کمیٹی قائم کردی۔
حکومت سندھ کی جانب سے تشکیل دی گئی 24 رکنی کمیٹی میں صوبائی وزرا اور پولیس حکام کے ساتھ ساتھ 12 صنعت کار اور تاجر بھی شامل ہیں۔
کمیٹی میں داخلہ، بلدیات، لیبر اور محکمہ صنعت کے صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ پولیس اور کمشنر کراچی کے علاوہ پاکستان بزنس کونسل، کراچی چیمبر اور آباد کے صدر بھی شامل ہیں۔
صوبائی حکومت کی کمیٹی میں زبیر موتی والا، زبیر چھایا اور عارف حبیب بھی حصہ ہوں گے اور 24 رکنی یہ کمیٹی کاروباری برادری کی شکایات اور تجاویز پر کام کرےگی۔
کمیٹی میں مختلف محکموں کے سیکریٹریز کو بھی شامل کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں کراچی میں ایک تقریب کےدوران تاجر نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو شہر کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز ہمیں دیں اور مراد علی شاہ آپ لے لیں، جس کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے ردعمل آیا تھا۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے تاجروں سے ملاقات میں کہا تھا کہ کسی کو شکایت ہو تو مجھے بتائیں، جس کا ازالہ کیا جائے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔