
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید 2 گواہان کی شہادت ریکارڈ کرلی گئی۔
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیلہ جیل میں کی۔
سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید دو گواہان کی شہادت ریکارڈ کی گئی، 9 مئی کے روز نقصانات کے فوٹو بنانے والے پولیس کانسٹیبل عمران کی شہادت ریکارڈ کی گئی، پولیس کانسٹیبل عمران نے ساڑھے نو مئی کے روز کی 15 تصاویر عدالت میں پیش کیں، جی ایچ کیو حملہ میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے والے ایس ڈی او بلڈنگ اویس شاہ کا بیان بھی قلم بند کیا گیا۔
دوران سماعت ایس ڈی او بلڈنگ نے تخمینہ رپورٹ عدالت پیش کی،7 لاکھ 80 ہزار روپے نقصان کی تفصیلات بھی عدالت پیش کر دیں، اضافی رپورٹس کی نقول مکمل نہ ہونے پر دو گواہ ریاض اور احمد یار کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا، استغاثہ کی جانب سے ڈیجیٹل شہادت پر مشتمل 13 یو ایس بی عدالت میں داخل کروا دی گئی۔
عدالتی حکم پر یو ایس بیز میں موجود ڈیجیٹل شہادت کمپیوٹر میں محفوظ کر لی گئی، عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ جس ملزم کو ڈیجیٹل شہادت چاہیے ہو وہ نقل اپلائی کر کے عدالت سے حاصل کر سکتا ہے۔
عدالت نے پی آئی ڈی، پیمرا، ایف ائی اے اور انٹرنل سیکیورٹی رپورٹ نہ مکمل ہونے پر ایس ایس پی آپریشن راولپنڈی کو نوٹس جاری کردیا، عدالت نے حکم دیا کہ ائندہ سماعت پر تمام اضافی رپورٹس کی نقول مکمل کر کے عدالت پیش کی جائیں۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت6 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔