
شہر میں جاری ڈاکو راج کسی بھی صورت پولیس کے قابو میں آنے کا نام ہی نہیں لے رہا، کورنگی صنعتی ایریا مہران ٹاؤن میں سفاک ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر اور شہری کی جان لے لی۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا میں ڈکیتوں نے 55 سالہ دکاندار کو مزاحمت پر سینے پر گولی ماری، جس کے بعد سال 2025 کے دوران مزاحمت پر مارے جانے والے شہریوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی جہاں مقتول کی شناخت 55 سالہ امیر خان کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے مقتول کے بھتیجے یاسر خان نے بتایا کہ چچا پرچون کی دکان پر بیٹھے تھے کہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر انھیں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گولی انھیں سینے پر لگی اور وہ جان لیوا ثابت ہوگئی۔
انھوں نے بتایا کہ 20 روز قبل بھی دکان پر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی جس میں ڈاکو نقدی لوٹ کر فرار ہوئے تھے، علاقے میں لوٹ مار کی وارداتیں معمول بنی ہوئی ہیں ، مقتول 7 بچوں کا باپ اور اس کا آبائی تعلق پشاور سے تھا۔
واضح رہے کہ نئے سال 2025 کے پہلے مہینے جنوری میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 5 شہریوں کو جبکہ دوسرے مہینے فروری کے پہلے روز ڈاکوؤں نے کورنگی صنعتی ایریا میں دکاندار کو مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا ، شہر میں جاری ڈاکو راج کے باوجود پولیس افسران کی جانب سے لوٹ مار کی وارداتوں میں کمی کا دعویٰ ضرور کیا جاتا ہے ۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔