
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی جہاں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما خورشید شاہ، شازیہ مری اور ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ سے بھی ملاقات کی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی لاہور میں رہائش گاہ آمد ہوئی جہاں وزیراعظم کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کے موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ، اراکین قومی اسمبلی خورشید شاہ اور شازیہ مری بھی موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈپٹی اسپیکر کو بیٹے کی شادی پر مبارک باد دی اور ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہتر ہوتے معاشی اشاریے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور عالمی اقتصادی اداروں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات کے موقع پر دیگر اراکین قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔