
شہر قائد میں اتوار کی صبح پانچویں ویمن پاور رن کا شاندار انعقاد ہوا، دوڑ کا مقصد خواتین میں فٹنس کے حوالے سے آگاہی اور شعور بیدار کرنا تھا،دوڑ میں سینکڑوں خواتین نے حصہ لیا۔
دوڑ میں پہلی تینوں پوزیشنز چترال اور گلگت کی ایتھلیٹس کے نام رہیں، پہلی پوزیشن چترال کی نتاشہ نے حاصل کی، دوسری پوزیشن گلگت کی ممتاز نعمت نے حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن گلگت سے تعلق رکھنے والی کراچی یونیورسٹی کی طالبہ قندیل سلطان نے حاصل کی۔
سرد موسم میں ہونے والی دوڑ سے پہلے منتظمین کی جانب سے شرکاء کے لیے مختلف جسمانی ورزشوں کا اہتمام کیا گیا، اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے فیتہ کاٹ کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔
رونق لاکھانی کا کہنا تھا ویمن پاور رن جیسے ایونٹس سے خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملتی ہے اور ان سے دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر ہوتا ہے ایونٹ میں پانچ سو کے لگ بھگ خواتین شریک ہوئیں،جن میں ایتھلیٹس سمیت ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین اور لڑکیاں شامل تھیں۔
دوڑ دو دریا، سی ویو سے شروع ہو کر اسی مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔