لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک

ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں سمیت پولیس اہلکار کےقتل میں بھی ملوث تھے،پولیس

ڈاکوؤں کی شناخت علی حسن،نور خان،عثمان اور رضا کے نام سے ہوئی ہے ،پولیس،فوٹو:فائل

BADIN:

علامہ اقبال ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے جو ڈکیتی کی وارداتوں کے علاوہ پولیس اہلکاروں کےقتل میں بھی ملوث تھے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کو لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن رضا بلاک میں 4 ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر سی آئی اے پولیس نے علاقے میں چھاپہ مارا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چاروں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا تاہم فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے۔


پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت علی حسن،نور خان،عثمان اور رضا کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں سمیت پولیس اہلکار کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ڈاکوؤں نے چند روز قبل مصطفیٰ ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جبکہ رمضان میں ہی ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کرکے موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر کامران کو بھی قتل کیا تھا اور ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سمیت 30 سے زائد مقدمات بھی درج تھے۔ پولیس نے ڈاکوؤں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی ہیں۔

Load Next Story