
لانڈھی پولیس نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او لانڈھی ملک سلیم نے بتایا کہ ایم کیوایم کے چیئرمین آفاق احمد کو ان کی رہائش گاہ کلفٹن سے منگل کی شب پولیس نے گرفتار کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے آفاق احمد کو مال بردار گاڑیوں کو جلانے کے لیے اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔
ایس ایچ او لانڈھی ملک سلیم نے بتایا کی آفاق احمد پرمال بردار گاڑیوں کو جلانے کے لیے اکسانے۔جلاو گھیراو اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ لانڈھی تھانہ میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس آفاق احمد سے تفتیش کررہی ہے۔آفاق احمد کی گرفتاری پر مہاجر قومی موومنٹ کے ترجمان عامرصدیقی نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے چیئرمین آفاق احمد نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ہونےوالےحادثات کے حوالے سے پریس کانفرنس کی تھی ۔ جس کے بعد پولیس کی10 سے زائد موبائلوں نے رات آٹھ بجے کے قریب ان کی رہائش گاہ کلفٹن کا گھیراؤ کیا۔
پولیس افسران بنگلے میں میں آئے اور آفاق احمد کو کہا کہ آپ کو گرفتار کرنے آئے ہیں۔ جس پر آفاق احمد نے کہا کہ میں آپ کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں ۔ پولیس نے آفاق احمد کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔انہوں نے کہا کہ آفاق احمد کو کس الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اس کا ہمیں معلوم نہیں ہے۔
ایم کیوایم کی قانونی ٹیم اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آفاق احمد نے مہاجر قوم اور کراچی کے شہریوں کے لیے آواز اٹھائی۔ کراچی کے شہریوں کو روزانہ ہیوی گاڑیاں کچل رہی تھیں۔آج ٹینکر اور ڈمپر مافیا جیت گیا ہے۔آفاق احمد مہاجر قوم کے لیڈر ییں۔وہ گرفتاری سے ڈرنے والے نہیں ۔وہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا عدالت میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آفاق احمد کو کس تھانہ میں رکھا گیا ہے اور ان پر کن الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے، اس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے کیونکہ کراچی پولیس نے تاحال آفاق احمد پر درج مقدمات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔