کراچی؛ سرکاری اسکول کی چھت کا پلستر گرنے سے کمسن طالب علم شدید زخمی

عمارت کی زبوں حالی کے باوجود کوئی مرمت نہیں کرائی گئی، اسکول کی عمارت کئی برسوں سے خراب حالت میں تھی، اسکول انتظامیہ


عائشہ خان February 11, 2025
جماعت دوم کے بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا—فوٹو: ایکسپریس

کراچی:

ابراہیم حیدری کے ایک سرکاری اسکول میں چھت کا پلستر گرنے سے کلاس روم میں موجود ایک کم سن طالب علم شدید زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ابراہیم حیدری میں قائم سرکاری اسکول میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کلاس میں بچے موجود تھے اور اچانک چھت کا پلستر ایک طالب علم کے سر پر گرا۔

کلاس روم کی چھت کا پلستر سر پر گرنے سے جماعت دوم کے طالب علم سعد کچھی خون میں لت پت ہو گیا اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

اسکول انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ سعد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے جبکہ دیگر بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور کسی کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔

اسکول کی انتظامیہ نے اس حادثے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ عمارت کی زبوں حالی کے باوجود کوئی مرمت نہیں کرائی گئی، اسکول کی عمارت کئی برسوں سے خراب حالت میں تھی اور اس کی چھت کا پلستر کئی جگہوں پر اکھڑا ہوا ہے اس حادثے کے بعد اسکول کے دیگر طلبہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

بچوں کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے انہیں شدید ڈرا دیا ہے، چھت کا پلستر گرنے سے ان کے ذہن میں خوف کی ایک بڑی علامت بن گئی ہے، جس کے سبب چھوٹے بچے خاص طور پر بہت زیادہ ڈر گئے ہیں۔

واقعے کے بعد اسکول کے عملے نے فوری طور پر زخمی طالب علم کو پٹی باندھی اور دیگر بچوں کو بھی وقتی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تاکہ کسی اور حادثے سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے سرکاری اسکول کی چھت کا پلستر گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعے کی تحقیقات کرنے اور اسکول کی عمارت کی مرمت کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

سردار شاہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے اسکولوں کی عمارتوں کی حالت کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں