
الیکٹرک چارجنگ ( ای وی) اسٹیشنزکو 23 روپے 57 پیسے فی یونٹ بجلی فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
حکومت نے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے لیے نئے نرخ مقرر کرنے کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا۔ اسٹیشنز کو فی یونٹ بجلی 23 روپے 57 پیسے تک فراہم کئے جانے کا امکان ہے۔ٹیکسز میں نظرثانی کے بعد چارجنگ اسٹیشنز کو بجلی 39 روپے میں پڑے گی۔
نیپرا کو حکومتی درخواست میں موقف لیا گیا ہے کہ پہلے سے نافذ نرخ اور نئے نرخ میں فرق کو کراس سبسڈی کے ذریعے مینج کیا جائے گا۔ 2030 تک پاکستان میں 30 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک پر منتقل کرنا ہے۔ ای وی چارجنگ اسٹیشنز پر موجودہ نرخ تقریبا 45 روپے فی یونٹ ہے۔ ٹیکسز کے ساتھ چارجنگ اسٹیشنز کو بجلی 71 روپے 10 پیسے فی یونٹ پڑتی ہے۔
حکومت کے مطابق نئے نرخوں سے 2030 تک ای وی اہداف حاصل کیے جا سکیں گے۔نئے نرخوں پر تمام ٹیکسز اور ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ہوگا۔
حکومتی درخواست پر نیپرا چئیرمین کی سربراہی میں سماعت ہوئی۔ کیس افسر نے کہا کہ حکومتی درخواست میں بنیادی ٹیرف میں کمی کی درخواست ہے۔ بنیادی ٹیرف 45.54 روپے سے کم کر کے 23.57 پیسے کی درخواست ہے۔ اس وقت موجودہ ای وی ریٹ صارفین کیلئے 70 روپے تک پڑ رہا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق ای وی انفراسٹرکچر پاکستان میں بہت حد تک محدود ہے۔ اس وقت پاکستان میں صرف 8 وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کام کر رہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نکلنے کیلئے مارکیٹ کو کھولنا ہے۔
اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ریگولیٹری فریم ورک میں تبدیلی کا فیصلہ ہوا۔ ای وی اسٹیشنز کیلئے بنیادی ٹیرف میں کمی کا فیصلہ کابینہ نے دیا۔ مارکیٹ ٹیرف میں کمی سے کھلے تو اس طرف رجحان بڑھے گا۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق کمرشل کیٹگری کیلئے بجلی ٹیرف تقریباً 94 روپے تک پڑتا ہے۔ یہ ریٹ لاگو نہیں مگر 70 روپے فی یونٹ تک صارفین ادا کرتے ہیں۔ ایک سال میں ای وی کیلئے صرف 94 ہزار یونٹس فروخت ہوئے۔ ملک میں مجموعی طور پر 7 سے 8 ہزار صارفین ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔