ملک میں مارشل لا نافذ کردیا گیا، پیکا بل واپس نہ لیا گیا تو کھلی جنگ ہوگی، حامد میر

پیکا کو پڑھا جائے تومعلوم ہوگا ملک میں براہ راست مارشل لا نافذ کردیا گیا، سینئر صحافی کا پی ایف یو جے کی تقریب سے خطاب


ویب ڈیسک February 13, 2025

سینئر صحافی حامد میر  نے کہا ہے کہ پیکا ایکٹ اگر پڑھا جائے تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ملک میں براہ راست مارشل لاء نافذ کردیا گیا ہے، آپ کو یہ بل واپس لینا ہوگا بصورت دیگر کھلی جنگ ہوگی۔

پی ایف یو جے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیکا ایکٹ اگر پڑھا جائے تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ملک میں براہ راست مارشل لاء نافذ کردیا گیا ہے, کیونکہ اس قانون کے تحت صرف صحافی نہیں بلکہ جو بھی سوشل میڈیا استعمال کرتا ہے اسکے خلاف کارروائی ہوگی.

انہوں نے کہا کہ مارشل لاء میں فوجی عدالتیں بنائی جاتی ہیں اور اس قانون کے تحت بھی خصوصی عدالتیں بنیں گی ،یہ خصوصی عدالتیں اتنی غیر پائیدار ہونگی کہ حکومت کی مرضی کے خلاف اگر کوئی فیصلہ آیا تو جج فارغ ہو جائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس قانون کے تحت ایک متوازی عدالتی نظام قائم کردیا گیا ہے، ہمیں عدالتی نظام سے انصاف کی امید کم ہے اس لئے پبلک فورم پر احتجاج منایا جارہا ہے، اس معاملے پر پارلیمان کے اندر اور باہر منظم تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔

حامد میر نے کہا کہ یہ آئین پاکستان کیساتھ پارلیمنٹ، جوڈیشری کی توہین کیساتھ جس کو چاہیں اٹھائیں، سزا دیں،  جب پارلیمان بے توقیر ہوگی، جب آئین بے توقیر ہوگا تو پھر آئین کو نہ ماننے والے انتہاء پسند مضبوط ہونگے، بظاہر فیک نیوز کے خلاف بنایا جانیوالا قانون ملک کو خانہ جنگی کی جانب دھکیل دے گا۔ 

سینئر صحافی نے کہا کہ یہ قانون فیک نیوز نہیں بلکہ آزاد صحافیوں اور اپوزیشن کے خلاف بنایا گیا ہے، آپ کو یہ بل واپس لینا ہوگا بصورت دیگر کھلی جنگ ہوگی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں