
وائلڈ لائف حکام نے ایک بڑی کارروائی کے دوران لاہور ایئرپورٹ سے نایاب اور قیمتی فالکن (باز) برآمد کر لیے۔ یہ کارروائی کسٹمز حکام کی اطلاع پر کی گئی، جس میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے قبضے سے تین نایاب فالکنز ضبط کیے گئے۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق غیرملکی شہری عرب ریاست سے یہ قیمتی پرندے پاکستان لائے تھے، تاہم ان کے پاس فالکن لانے کے لیے درکار لائسنس اور پرمٹ موجود نہیں تھے، جس کی بنا پر پرندوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔
وائلڈ لائف حکام نے عدالت سے رجوع کیا جس کے بعد عدالتی حکم پر تینوں فالکنز کو لاہور چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی خصوصی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ان نایاب پرندوں کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے، اور ان کی غیرقانونی خرید و فروخت پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ڈی جی پنجاب وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک نے اس کامیاب کارروائی پر وائلڈ لائف ٹیم کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ جنگلی حیات کے تحفظ، ان کے غیرقانونی شکاراورغیرقانونی نقل وحمل کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ نایاب اور قیمتی جانوروں اور پرندوں کو غیرقانونی طریقے سے پاکستان لانے یا باہر لے جانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔