کراچی میں ٹریفک حادثات میں مزید دو جاں بحق

ملیر میمن گوٹھ میں ٹریفک حادثے میں 45 سالہ شخص جبکہ بلدیہ میں بزرگ خاتون جاں بحق ہوئیں

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بزرگ خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ کے علاقے ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 45 سالہ شفیع اللہ کے نام سے کی گئی جبکہ متوفی کی لاش کے ہمراہ آنے والے شخص نے بتایا کہ حادثہ ملیر مائی نیاڑی درگاہ سے کچھ فاصلے پر پل کے قریب پیش آیا ہے۔

متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا جسے نامعلوم تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر ماری تھی جس کا ڈرئیور موقع سے ڈمپر سمیت فرار ہوگیا اس حوالے سے ایس ایچ او میمن گوٹھ گل بیگ سے رابطہ کیا تو انھوں نے ٹریفک حادثے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے اپنے علاقے میں معلومات کرائی ہے لیکن انھیں ٹریفک حادثے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

دریں اثنا سعید آباد کے علاقے بلدیہ خورشید پورہ قبرستان کے قریب ٹریفک حادثے میں بزرگ خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لیجائی گئی۔ 

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ راہ گیر تھی جسے نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری تھی جبکہ متوفیہ کی عمر 60 سال کے قریب ہے جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

Load Next Story