
جاپان کے سفیر اور قونصل جنرل نے گورنر سندھ سے ملاقات کی اور آئی ٹی طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم میں معاونت کی پیش کش کردی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے جاپانی سفیر اکاماٹسو شیوچی، قونصل جنرل تاشیکازو اسومورا نے ملاقات کی۔
اس موقع پر مہمانوں نے گورنر سندھ کی جانب سے نصب امید کی گھنٹی بجائی جبکہ شکایتی سیل سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اور کامران ٹیسوری کے اقدامات پر حیرت کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جاپانی سرمایہ کار صوبہ کے پرکشش ماحول اور منافع بخش شعبوں سے فائدہ اٹھائیں، اس ضمن میں ایس آئی ایف سی منصوبہ سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت، تعاون اور مدد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاپان سے تجارت میں اضافہ کے خواہشمد ہیں۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت میں اضافہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاپان کے سفیر نے گورنر سندھ کو جاپان کے شہر اوساکا میں منعقدہ ایکسپو 2025ء میں شرکت کی دعوت بھی دی۔جاپان کے سفیر نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے صوبہ انتہائی پرکشش اہمیت کا حامل ہے۔
جاپانی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہو ں نے مزید کہا کہ گورنر انیشیٹیو کے تحت نوجوانوں کو جاپانی زبان سکھائیں اس ضمن میں سفارت خانہ تعاون بھی کرے گا۔
جاپانی سفیر نے گورنر انیشی ایٹو کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے لئے خوشخبری دیتے ہوئے انہیں جاپان کی جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم میں معاونت کی پیشکش کی۔ اس سے قبل جب جاپان کے سفیر گورنرہاﺅس آئے تو انہیں سلامی پیش کی گئی۔
جاپان کے سفیر نے شجر کاری مہم کے تحت گورنر ہاﺅس میں پودا بھی لگایا۔ پرچم کشائی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی تحریر کئے۔ " امید کی گھنٹی" اور بابائے قوم کے تاریخی کمرہ کا دورہ کیا۔
جاپان کے سفیر نے امید کی گھنٹی بجا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ گورنر اینیشیٹوز کے تحت جاری منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لئے اہم ثابت ہوں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔