امریکا میں خالصتان تحریک کی سرگرمیوں پر سوالات کو ٹرمپ نے ٹال دیا

نریندر مودی امریکی صدر کے سوالات کو نظرانداز کرنے پر اپنا سا منہ لیکر رہ گئے


ویب ڈیسک February 14, 2025
ڈونلڈ ٹرمپ نے خالصتان رہنماؤں کی گرفتاری سے متعلق سوال کو بھی ٹال دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پریس کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سبکی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ جو پریس کانفرنس میں صحافیوں کے ہر سوال کا جواب دے رہے تھے لیکن ایک موقع پر بالکل سُنی ان سُنی کر گئے۔

صحافی نے معترضانہ لہجے میں امریکی صدر سے پوچھا کہ کیا امریکا میں بھارت مخالف سرگرمیاں اب بھی جاری رہیں گی۔

تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کہتے ہوئے جواب دینے سے انکار کردیا کہ آپ کا لہجہ درست نہیں۔ میں کچھ سمجھ نہیں پایا۔ 

اسی طرح ایک اور صحافی نے جب ممبئی میں 2008 کے ملزم کو امریکا سے بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق پوچھا تو امریکی صدر نے درمیان میں ہی ٹوک دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی سے کہا کہ آپ کو زور سے بولنا پڑے گا جس پرصحافی نے سوال دہرانا شروع کیا تو امریکی صدر پھر روک دیا۔

امریکی صدر نے ٹوکتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو کہا میں ایک لفظ بھی نہیں سمجھ سکا یہ لہجہ میرے لیے تھوڑا مشکل ہے۔

تھوڑی دیر بعد، ایک اور صحافی نے سکھ علیحدگی پسند رہنما گروپتونت سنگھ پنن کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ سے پوچھا کہ امریکا میں موجود خالصتان گروپ سے نمٹنے میں بھارت کے ساتھ کس طرح کا تعاون کرنے جا رہے ہیں۔

تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے سوال کو سنی ان سنی کرتے ہوئے صحافی کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ "بہت اچھے تعلقات" نہیں تھے البتہ اب توانائی سمیت مختلف شعبوں میں معاہدے طے ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیرِاعظم کے ساتھ پریس کانفرنس میں طالبان سے متعلق ایک خاتون افغان رپورٹر کے سوال کو یہ کہتے ہوئے نظر انداز کیا کہ یہ ایک خوبصورت آواز اور لہجہ ہے لیکن مسئلہ صرف یہ ہے کہ میں آپ کے کہے ہوئے ایک لفظ کو سمجھ نہیں پا رہا ہوں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

چانس

Apr 03, 2025 02:24 AM |

اچھی صحت

Apr 03, 2025 02:17 AM |