پاکستان رمضان میں آزادی کا جشن سبز پرچموں کی بہار فضا ملی نغموں سے گونجتی رہی

وطن سے محبت کے دلکش مناظر ،ضرب عضب کے شہیدوں کو خراج عقیدت ،پاک فوج کوعامر لیاقت کا سلام


Staff Reporter July 27, 2014
وطن سے محبت کے دلکش مناظر ،ضرب عضب کے شہیدوں کو خراج عقیدت ،پاک فوج کوعامر لیاقت کا سلام

ایکسپریس کی پاکستان رمضان نشریات کے ستائیسویں روزجشن آزادی کے موقع پرشہررمضان میں سبزہلالی پرچم لہراتے رہے۔

فضاملی نغموں اورنعتوں کی دلکش صداؤں سے گونجتی رہی ،یکجہتی اورحب الوطنی کے حسین مناظردیکھنے میں آئے ،حب الوطنی کے جذبات سے سرشارڈاکٹر عامرلیاقت حسین کی ولولہ انگیز گفتگو اور معروف گلوکار محمد افراہیم نے حاضرین میں ایک جوش وولولہ پیداکردیا۔27رمضان 1435ہجری کے اعتبار سے پاکستان کے 69ویں یوم آزادی کے موقع پر عالمگیرشہرت یافتہ براڈ کاسٹر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے نشریات کاآغازاہل وطن کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری عزت اور ہماری پہچان ہے ۔

اس کی بنیادوں میں لاکھوں مسلمانوں کا لہو ہے ،یہ بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے اس کی قدر کریں،رمضان میں اس کا قیام غیبی اشارہ ہے کہ یہ تاقیامت قائم ودائم رہے گا۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اس موقع پر حکومت سے اپیل کی کہ 27رمضان کو سرکاری طور پر یوم آزادی قرار دیاجائے ،اُن کی اس اپیل کی تائید تمام حاضرین نے تالیاں بجا کر کی ۔واضح رہے کہ الیکٹرونک میڈیا میں 27رمضان کو پاکستان کے یوم آزادی کے طور منانے کی روایت سب سے پہلے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ڈالی تھی جس کی تقلید اب دیگر چینلز بھی کررہے ہیں جو کہ ایک خوشگوار پہلو ہے۔ نشریات کے آغاز میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی ولولہ انگیزگفتگوکے بعد معروف گلوکار محمد افراہیم نے اپنا شہرہ آفاق ملی نغمہ''زمیں کی گود رنگ سے امنگ سے بھر ی رہے''گا کر ماحول کو گرمادیا، بعدازاںان کے ساتھ بچوں نے بھی ملی نغمے گائے اور حاضرین نے بھی کھل کر داد دی۔

جشن آزادی کی وجہ سے آج شہررمضان میں حاضرین کی تعدادمعمول سے کچھ زیادہ تھی اس لیے عام دنوں کی بہ نسبت زیادہ گہماگہمی دیکھنے میں آئی ۔100سے زائد ملی نغمے گانے والے ،برصغیر کے نامور گلوکار محمدر فیع کے ہو نہار شاگرد نے شاندار نشریات پیش کرنے پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو زبردست خراج تحسین پیش کیااور دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں میںخوشیاں بانٹتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔ نشریات کے دوران ممتازثناخواں عمران شیخ عطاری،احمدرضاقادری اور محمد علی سہر وردی نے بھی ملی نغمے سناکردین وملت کی یکجہتی کا خوبصورت تصورپیش کیا۔سبز رنگ میں رنگی نشریات کے ستائیسویںروز قیام پاکستان کے جشن کے موقع پرمعاشرے کے مظلوم اور بے سہارا افراد کو قانونی مشاورت فراہم کرنے والے سماجی ادارے''جسٹس ہیلپ لائن '' کے سربراہ محمد ندیم ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی اور نیکی کی خدمات انجام دینے پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو خراج تحسین پیش کیا اور اعلان کیا کہ مظلوم عوام کو اُن کا حق دلانے کے لیے اُن کی آرگنائزیشن اور محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن اپنا بھر پور کردارکرے گی ۔

راہِ نیکی کے تحت مستحقین کی امدادکاسلسلہ یوم آزادی پربھی جاری رہاجس کے دوران میزبان نے اعلان کیا کہ کینسر کے مریض خلافت علی کے علاج کا تمام خرچ ایم ایس ایف برداشت کرے گی جبکہ امراض گردہ میں مبتلا محمد سلیم کو بھی علاج کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ باعزت روزگار فراہمی کے سلسلے میں ارشد نامی نوجوان کو رکشہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا ۔کوئز مقابلے زیر زبر پیش کے دوسرے فائنل میں بھی یقین محکم کو برتری حاصل رہی اور اب کوئی معجزہ ہی اتحاد اور تنظیم کو جتا سکتاہے بظاہر یقین محکم کی جیت یقینی نظر آرہی ہے۔

علاوہ ازیںایکسپریس کے شہرہ آفاق ''عالم آن ایئر'' میں خطیب اہل سنت اورسواد اعظم اہل سنت حقیقی کے سربراہ علامہ کوکب نورانی اوکاڑویمجلس وحدت المسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی ،جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں شعبۂ اسلامیات کے چیئرمین ڈاکٹر فضل احمد اورتحریک اہل حدیث پاکستان کے سرپرست پروفیسر محمد یونس صدیقی نے شرکت کی اور فلسطینی خواتین اوربچوں کے ساتھ اسرائیلی فوج کے وحشیانہ سلوک کی مذمت کی ۔ عالم آن ایئر کے آغاز میں حافظ طاہر قادری کی آواز میں فلسطینیوں پرٹوٹنے والی قیامت صغریٰ پر لکھاگیا علامہ نثار علی اجاگر کا خصوصی کلام سن کر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ اس موقع پرمجدد اہل سنت علامہ شفیع اکاوڑوی پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے نوجوان ڈاکٹر عقیل احمد بھی موجود تھے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔