
چونیاں روڈ امام بارگاہ کے سامنے مین ہول میں گر کرایک خاتون اور ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، متوفین کے اہل خانہ کا ملانوالہ بائی پاس پر احتجاج، سڑک بلاک کردی۔
عینی شاہدین کے مطابق چونیاں روڈ پر امام بارگاہ کے سامنےایک خاتون کھلے گٹرمیں جاگری جسے بچانے کے لیے دو راہگیر نوجوان بھی گٹر میں کود پڑے، خاتون اور دونوں نوجوان گٹر کے اندر پھنس گئے جن کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 15 منٹ کی کوشش کے بعد باہر نکالا۔
ذرائع کے مطابق خاتون اوردونوں نوجوان کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پتوکی منتقل کر دیا گیا جہاں خاتون اور ایک نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل ہونے والے دوسرے نوجوان کولاہور ریفر کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب جاں بحق ہونیوالوں کے اہل خانہ نے پتوکی ملانوالہ بائی پاس کو بلاک کر کے احتجاج شروع کردیا، احتجاج میں عام لوگ بھی شامل ہوگئے جن کا کہنا تھا کہ پتوکی کی مین شاہراہوں پر کھلے درجنوں گٹر شہریوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث متعدد حادثات ہو چکے ہیں مگر انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی پنجاب اور کمشنر لاہور پتوکی میں سیوریج اور گٹروں کے حوالے سے نوٹس لیں اور ہنگامی بنیادوں پر یہ مسئلہ حل کرائیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔