جامعات ترمیمی بل یونیورسٹیز پر قبضہ کرنے کا بل ہے جس کے خلاف عدالت جائیں گے، ایم کیو ایم

یہ بل سندھ اسمبلی کا نہیں پیپلز پارٹی کا پاس کیا ہوا بل ہے جسے مسترد کرتے ہیں،قائد حزب اختلاف علی خورشیدی کی میڈیا ٹاک


ویب ڈیسک February 17, 2025

کراچی:

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے کہا ہے کہ جامعات ترمیمی بل یونیورسٹیز پر قبضہ کرنے کا بل ہے جسے سندھ اسمبلی نے نہیں پیپلز پارٹی نے پاس کیا اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم ارکان نے جامعات ترمیمی قانون کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور کہا کہ تعلیم تباہ سندھ تباہ جامعات پر قبضہ نامنظور۔

علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ اسمبلی اجلاس آج بلانے کا مقصد کیا تھا؟ جامعات ترمیمی قانون پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات ہیں؟ سندھ حکومت مختلف محکموں کو 17 سال سے برباد کررہی ہے، بورڈز میں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، والدین سسٹم کو رشوت دینے پر مجبور ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ شہری سندھ کے نوجوانوں کے روزگار کے دروازے سندھ حکومت بند کرچکی ہے، ہائر ایجوکیشن رہ گئی تھی جس پر پیپلز پارٹی کا سسٹم کام نہیں کر پا رہا تھا تو  جب یونیورسٹیز کا بل اسٹینڈنگ کمیٹی میں لایا گیا جس کی ایم کیوایم نے مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کو پی پی موڈ پر چلانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کی نام نہاد جمہوریت ہے اپوزیشن کو بولنے تو دیتے ہیں اگر عدالت کا دروازے کھٹکھٹانا پڑا تو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹیز پر قبضہ کرنے کا بل ہے، یہ بل سندھ اسمبلی کا نہیں پیپلز پارٹی کا پاس کیا ہوا بل ہے، جامعات کو قبضہ کرنے کا بل ہے اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں