شہباز شریف سانحہ لاہور پر رانا ثنا اللہ کو قربانی کا بکرا بنارہے ہیں چوہدری پرویز

سانحہ لاہورکےقصوروار وزیراعلیٰ پنجاب ہیں کیونکہ مظاہرین پر گولی ان کےحکم کےبغیرنہیں چلائی جاسکتی، رہنما مسلم لیگ (ق)


ویب ڈیسک July 27, 2014
طاہر القادری اور عمران خان کو قریب لانے کے لئے کی جانے والی محنت جلد ہی رنگ لائے گی فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کہتے ہیں کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سانحہ لاہور پر رانا ثنا اللہ کو قربانی کا بکرا بنارہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے سلسلے میں کسی قسم کی ناکامی نہیں ہوگی۔ طاہر القادری اور عمران خان کو قریب لانے کے لئے کی جانے والی محنت جلد ہی رنگ لائے گی،لانگ مارچ میں عوام کو کئی سیاسی جماعتیں ایک جگہ نظر آئیں گی۔ 14 اگست کو بری خبر صرف حکمرانوں کے لئے ہوگی، یہ دن عوام کی بھلائی اورتبدیلی کا پیغام لے کرآئے گا۔

چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کردیا گیا تھا تو پھرشمالی وزیرستان میں آپریشن سے قبل آئی ڈی پیز کے لئے انتظامات بھی کئے جانے تھے، حقیقت یہ ہے کہ موجودہ حکمران صرف سوچتے ہی رہتے ہیں عمل نہیں کرتے۔ اگرعمل کیا ہوتا تو شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد مشکلات کا شکارنہ ہوتے۔ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز ہمارے بھائی ہیں ان کی مشکلات کے حل کے لئے ہر اقدام کریں گے۔

سانحہ لاہور کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان حلفی پر انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور کے اصل قصور وار وزیراعلیٰ پنجاب خود ہیں کیونکہ مظاہرین پر گولی چلانے جیسا اقدام ان کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ اب شہباز شریف رانا ثنا اللہ کو قربانی کا بکرا بنارہے ہیں ابھی ایک بکرے کی قربانی تو ہونے دیں باقی بعد میں دیکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔