
راج ببر اور سمیتا پاٹل کے بیٹے پریتیک نے اپنی دوست پریہ بنرجی کے ساتھ ایک شاندار تقریب میں شادی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شادی اس لیے بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہی ہے کیوں کہ دلہے کے والد اداکار راج ببر کو دعوت نہیں دی گئی تھی۔
پریتیک کے سوتیلے بھائی نے بتایا کہ جب میں نے ڈیڈی (راج ببر ) سے کہا کہ میڈیا والے پوچھ رہے ہیں کہ آپ لوگوں کو شادی میں کیوں نہیں بلایا گیا تو میرے والد نے جواب دیا کہ کہہ دو مرد تو شادی کرتے رہتے ہیں۔ اس میں ایسا کیا ہے جو نیا ہے۔
آریہ ببر نے بھی مزاحیہ انداز میں کہا کہ میرے والد نے دو بار شادی کی، میری بہن نے دو شادیاں کیں اور اب میرا بھائی دوسری بار شادی کر رہا ہے۔ یہاں تک کہ میرا کتا بھی دو گرل فرینڈز رکھتا ہے۔ تو مجھے دوسری بار شادی کرنے میں کوئی اعتراض نہیں البتہ جہاں تک میری بات ہے تو میں بس طلاق کے جھمیلوں سے نمٹنے میں سست ہوں۔
آریہ نے مزید کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ پریتیک نے اپنی شادی میں مجھے کیوں نہیں بلایا میں سمجھتا تھا کہ پریتیک اور میں سوتیلے بھائی ہونے کے باوجود ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔
آریہ نے کہا کہ اگرچہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ پریتیک میری ماں نادرہ بابر کو مدعو نہیں کرنا چاہتا تھا جو ان کی سوتیلی ماں ہیں لیکن کم از کم اسے اپنے والد راج ببر اور مجھے ضرور بلانا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ معروف اداکار راج ببر نے پہلی شادی اداکارہ سمیتا پاٹل سے کی تھی جن سے ایک بیٹا پریتیک ہے تاہم اداکارہ کے انتقال کے بعد راج ببر نے دوسری شادی کی تھی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔