لاہور؛ ڈاکو گھر سے کروڑوں مالیت کے زیورات لے اڑے، واردات کی فوٹیج سامنے آگئی

دو مختلف واقعات لاہور کے علاقے ستوکتلہ اور ڈیفنس بی میں پیش آئے


سید مشرف شاہ February 20, 2025

لاہور:

ستوکتلہ اور ڈیفنس بی میں دو مختلف واقعات کے دوران ڈاکو گھر میں گھس کر کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ستوکتلہ کے علاقے میں ڈاکو گھر سے 85 لاکھ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے۔

ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں ملزمان کو گھر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے دو نامعلوم افراد کے خلاف مدعی محمد فیصل کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے دروازہ کھٹکھٹا کر پروین نامی خاتون کو پستول سے یرغمال بنا کر گھر کا سامان لوٹ لیا۔ ملزمان نے 8 موبائل فون، 12 گھڑیاں اور 60 لاکھ مالیت کے زیوارت لوٹ لیے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب، ڈیفنس بی کے علاقے فیز فائیو میں چھ ڈاکو ایک گھر میں گھس کر ڈیڑھ کروڑ مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

تھانہ ڈیفنس بی پولیس نے خورشید انور کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق فیز فائیو کے رہائشی خورشید انور کی بیوی بازار سے گھر آئی تو 6 ڈاکو اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور ڈیڑھ کروڑ مالیت کے طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ملزمان گھر میں آدھے گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں