سعودی عرب میں ریال کے دیدہ زیب نئے لوگو کا اجراء

ڈیزائن سعودی عرب کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے، گورنر مرکزی بینک


ویب ڈیسک February 20, 2025

سعودی مرکزی بینک نے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی منظوری کے بعد ملکی کرنسی ریال کے نئے لوگو کا اجراء کر دیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق نیا لوگو عربی خطاطی اور قومی کرنسی "ریال" کے نام کا امتزاج ہے، جس کا استعمال مالی اور تجارتی لین دین میں سعودی عرب کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر کیا جائے گا۔

نئے لوگو کے اجرا کو مملکت کے مالیاتی سفر کے نئے باب کا آغاز کہا جا رہا ہے۔

لوگو کا فوری طور پر اطلاق کیا جائے گا اور مالیاتی اور تجارتی لین دین کے ساتھ ساتھ مختلف ایپلی کیشنز میں اس کا تدریجی طور پر انضمام متعلقہ اداروں کے تعاون کے ساتھ کیا جائے گا۔

سعودی مرکزی بینک کے گورنر ایمن ال سیاری نے فرمانروا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگو سعودیہ کی مالیاتی شناخت کو مقامی اور عالمی سطح پر مستحکم کرتا ہے۔

ایمن ال سیاری نے مزید کہا کہ ریال کے نئے لوگو کا ڈیزائن قومی فخر اور ثقافتی اتحاد کو بھی فروغ دیتا اور ملک کی ثقافتی وراثت کی نمائندگی کرتا ہے۔

مرکزی بینک کے گورنر نے اس منصوبے میں شامل تمام فریقوں کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی، جن میں وزارت ثقافت، وزارت اطلاعات، اور سعودی معیارات، پیمائش اور معیار کی تنظیم شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں